18

GB بجٹ میں کٹوتی ،وزیر اعلیٰ مقدمہ لیکر صدر اور وزیرخزانہ کے پاس جا پہنچے

گلگت ( نیوزمارٹ ڈیسک ) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید خان اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے مابین ملاقات۔ملاقات میں بجٹ اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو تفصیل کیساتھ صوبائی حکومت کے مالی معاملات اور سابق حکومت کی طرف سے دئے گئے بجٹ اور پیکیج بارے بھی آگاہ کیا ۔ سینئر صوبائی وزیر کرنل ریٹائرڈ عبید اللہ بیگ جو اس بار نئے مالی سال کا بجٹ پیش کریں گےاور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ خالد خورشید نے یہ تحفظات لے کر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے بھی اہم ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیراعلی خالد خورشید نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے بجٹ میں کٹوتی کا معاملہ صدر مملکت کے سامنے اٹھایا اور ان سے اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے اس ضمن میں انہیں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے صدر مملکت کو گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، سرمایہ کاری کے مواقع ،عوامی فلاح و بہبود کے کاموں بارے بھی آگاہ کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں