24

بھارت کوویڈ۔19 کی دوسری لہر کے دوران 420 ڈاکٹر ہلاک

نئی دہلی(ویب ڈیسک)انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن(آئی ایم اے) نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں نوول کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران تقریبا 420 ڈاکٹر ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے کم از کم 100 کا تعلق دہلی سے ہے۔بھارت میں عالمی وبا کی دوسری لہر جاری ہے جس کے دوران روزانہ سامنے آنیوالے کیسز کی تعداد متعدد بار 4 لاکھ کی سطح عبور کر چکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہونیوالی اموات کی تعداد 4 ہزار سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔آئی ایم اے کی سرکاری ویب سائٹ پر ہفتے کے روز بتایا گیا کہ 2020 میں ملک میں نوول کرونا وائرس کی عالمی وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 864 ڈاکٹر ہلاک ہو چکے ہیں۔آئی ایم اے ویب سائٹ کے صفحہ اول پر ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ مرنیوالے بہت سارے افراد کے خاندان اور بچوں کو گزر بسر ، تعلیم اور پرورش کیلئے مدد کی ضرورت ہے۔وفاقی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 57 ہزار 299 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ہفتے کے روز ملک میں نوول کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 62 لاکھ 89 ہزار 290 تک پہنچ گئی ہے۔جمعہ کی صبح کے بعد سے ہونیوالی 4 ہزار 194 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی کل تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 525 ہو گئی ہے۔جمعرات کے روز 3 ہزار 874 تک کم ہونے کے بعد روزانہ ہونیوالی اموات کی تعداد گزشتہ 2 روز کے دوران ایک بار پھر 4 ہزار کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ملک میں اب بھی 29 لاکھ 23 ہزار 400 فعال کیسز موجود ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان میں 1 لاکھ 4 ہزار 525 کیسز کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اپریل کے وسط سے مسلسل اضافے کے بعد گزشتہ کچھ دنوں سے روزانہ کی بنیاد پر فعال کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔وفاقی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے مزید کہا کہ ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 30 لاکھ 70 ہزار 365 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کیا جا چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں