59

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تبدیلی کا مظہر ہے، سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔(نیوز رپورٹر):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تبدیلی کا مظہر ہے،سی پیک پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ہم سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔بدھ کو پاکستان اور چین کے مابین رولنگ پارٹیز ڈائیلاگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے نہ صرف گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیا۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر ارشد داد نے جبکہ چین کی جانب سے آئی ڈی سی پی سی کے وزیر سانگ تاو، نائب وزیر چن ڑاو اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے اس ورچول اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے چینے وزیر سانگ تاو کا بروقت اس ورچول سیشن کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری یہ میٹنگ اس وقت منعقد ہو رہی ہے جب ہم اپنی قومی اور دو طرفہ تاریخ کے اہم مراحل سے گزر رہے ہیں،پاکستان اور چین نے 21 مئی کو اپنی لازوال دوستی کے ستر سال مکمل کیے جبکہ چین نے غربت کے خاتمے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اسی سال جولائی میں اپنے سو سال مکمل کر رہی ہے،یہ ہمارے دونوں ممالک اور سیاسی پارٹیوں کیلئے ایک تاریخی موقع ہے ۔میں اس تاریخی مو قع پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ ، جنرل سیکرٹری شی جن پنگ، اور دونوں ممالک کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی مسلسل کاوشوں سے پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ لا زوال دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہوتی گئی،ہمارے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کی بنیاد ایک دوسرے پر پختہ اعتماد، سوچ اور مفادات کی یکسانیت پر ہے۔پاکستان اور چین کے عوام کے مابین ایک قلبی تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ہم صنعتی ترقی، تخفیف غربت، روزگار کی فراہمی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ سات دہائیوں پر مشتمل مثالی دو طرفہ تعلقات “اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں بدل چکے ہیں۔پارٹیز کی سطح پر پاکستان تحریک انصاف اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین بہترین دو طرفہ تعاون، خوش آئند ہے ۔غربت کا مکمل خاتمہ اور چین کے خلائی مشن کی مریخ پر کامیاب لینڈنگ ان کامیابیوں کا واضح ثبوت ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کے خواہشمند ہیں تاکہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکیں۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر ارشد داد نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ورچوئل اجلاس کے اختتام پر پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے درمیان پارٹی سطح پر تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں