17

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اوآئی سی کے تعاون سے قرارداد مسلم امہ کی وحدت کی علامت ہے،طاہر اشرفی

اسلام آباد(خبر نگار)وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی ومشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اوآئی سی کے تعاون سے قرارداد مسلم امہ کی وحدت کی علامت ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی فکر اور سوچ کی عملی تصویر ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے مسلم امہ کے مسائل کا حل چاہتا ہے،کشمیر اور فلسطین سمیت تمام مسائل کا حل مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ جمعہ کو پنے ایک بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ گزشتہ کئی دہائیوں سے سلگتا ہوا مسئلہ بنا ہواہے جو کہ امت مسلمہ سمیت پوری دنیا کے لیے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتاہے، گزشتہ دنوں اسرائیل جارحیت نے ایک بارپھر ثابت کیاہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جو ظلم وجبر کے تحت فلسطینی زمینوں پر قبضہ جمانے کاخواب دیکھ رہی ہے،پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور حالیہ واقعات میں بھی پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر فلسطینی بھائیوں کی ہر فورم پرآواز اٹھائی ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اوآئی سی کے تعاون سے قرارداد مسلم امہ کی وحدت کی علامت ہے۔اس وقت امت مسلمہ تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہی ہے ان حالات میں پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے مسلم امہ کے مسائل کا حل چاہتا ہے۔۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی مسلم امہ کے مسائل میں مشترکہ موقف اپنانے کی جدوجہد کو کامیابی مل رہی ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ اتحاد سے ہی امت کی سلامتی اوربقا ممکن بنائی جاسکتی ہے۔کشمیر اور فلسطین سمیت امت مسلمہ کے تمام دیرینا مسائل کا حل مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد سے ممکن ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم سعودی عرب کی سربراہی میں مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی۔ اسلامی ممالک کے باہمی تنازعات بھی اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہی حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔ ان کاکہنا تھاکہ اسرائیل کا کھلی تحقیقات سے راہ فرار اسرائیلی وحشت اور بربریت کی واضح دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ اس وقت پوری انسانیت کا مسئلہ بن چکا ہے، پاکستان کی کوشش ہے کہ امت مسلمہ تمام اسلامی ممالک مسئلہ کشمیر و فلسطین پر ایک موقف اپنائیں تا کہ مظالم کا سلسلہ بند ہو۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا امت مسلمہ کے مسائل پر موقف قابل تحسین ہے،انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مشکل کی گھڑی میں فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں