22

بھارت،گاڑیوں کے تصادم سے17افراد ہلاک،متعدد زخمی

نئی دہلی(نیوزمارٹ ڈیسک)بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش میں بس ایک ٹرک کے ساتھ ٹکرانے کے باعث کم ازکم17افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے ہیں جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔یہ حادثہ اترپردیش کے صدرمقام لکھنؤ سے110کلومیٹرجنوب مغرب میں واقع ضلع کان پور نگر کے کسان نگر میں منگل کی شام کو پیش آیا۔کان پور میں ایک سینئر پولیس عہدیدار مہیت اگروال نے بدھ کے روز میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ شام تیزرفتار بس اور ٹرک میں تصادم ہوا جس کے بعد بس الٹ گئی اور ایک کھائی میں گرگئی،16ہلاک شدہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ایک علاج کے دوران دم توڑ گیا۔حادثہ میں زخمی ہونے والے متعدد دیگر کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس عہدیدار نے کہاکہ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کے تقریبا تمام مسافر پھنس گئے اورشدید زخمی ہوگئے،امدادی کارکنوں کو متاثرین بس سے نکالنے کیلئے سخت محنت کرنا پڑی۔امدادی کام بدھ کی اوائل تک جاری تھا۔پولیس کے مطابق بس لکھنؤ سے آرہی تھی اور دہلی جارہی تھی۔اترپردیش کے وزیراعلی یوگی ادتیا ناتھ نے حادثے پر دکھ کااظہار کیاہے اورحادثے میں ایک رکن کھونے والے ہر خاندان کو 2لاکھ بھارتی روپے(2ہزار740امریکی ڈالرز) کامعاوضہ دینے کااعلان کیا۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی حادثہ میں جانوں کے ضیاع پر دکھ کااظہار کیاہے۔وزیراعظم دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی نے اترپردیش کے کان پور میں المناک حادثہ میں زندگیاں کھونے والوں کے قریبی رشتہ داروں کو وزیراعظم کے قومی امدادی فنڈ(پی ایم این آر ایف)سے ہر کسی کو 2لاکھ بھارتی روپے(تقریبا2ہزار740امریکی ڈالرز) عطیہ کرنے کااعلان کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں