45

پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی‘ قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(بیورورپورٹ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی، ان عناصر نے ڈھائی برس میں ملک و قوم کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افراتفری پھیلانے والے عناصر کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، نئے عزم اور جذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں، کرپشن سے پاک اور معیاری منصوبے ہماری حکومت کا طر امتیازہے، حکومت کے دامن پر سکینڈل کا کوئی داغ نہیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارا ڈھائی برس کا مختصر دور سابق ادوار کی 3 دہائیوں کے مقابلے میں شفاف ترین ہے، سابق ادوار میں ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا، عوام آج بھی کرپشن کی داستانوں کو نہیں بھولے، سابق حکمران وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا، ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے لوٹ مار کے کلچر کو دفن کر دیا ہے، قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں، اللہ کا شکر ہے ہماری حکومت کے منصوبے معیار اور شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں