18

سیاسی ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کوشش ہے عمران خان اور اسٹیبشلمنٹ کے درمیان معاملات بہتر ہوجائیں، پس پردہ مذاکرات جاری ہیں کامیابی کی صورت میں ہی اس پر بات کروں گا۔لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اداروں کے درمیان جو تناؤ پیدا ہوا میں اُن غلط فہمیوں کو دور کرتا ہوں اور اس کی کوشش بھی کررہا ہوں، معاملات بہتر کرنے کے لیے مؤثر اداروں سے بات چل رہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم سے اس معاملے پر گفتگو ہوچکی جبکہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت چل رہی ہے، آئین کے مطابق ہی معاملات کو حل کر رہا ہوں جو کوئی غلط کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے مشورہ کر کے کوئی کام نہیں کرتا، اداروں کے درمیان اختلافات دور کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں، اب معاملہ یہ ہے کہ سیاسی طور پر استعمال ہونے کی وجہ سے اداروں پر بھروسہ نہیں رہا، ہر کام عدلیہ پر ڈالا جاتا ہے اور مخالفت میں فیصلہ آنے پر اُسے مانتے نہیں ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ نیب کے قانون کا سیاسی استعمال بالکل غلط ہے جسے روکنا چاہیے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مذاکرات پس پردہ ہو رہے ہیں جب کامیاب ہو جائیں تو اس پر بات کی جائے گی۔ پاکستان کسی ملک اور خصوصاً بڑے ملک سے تعلقات خراب کرنا نہیں چاہتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں