66

انتخابات2023 میں آئی ووٹنگ سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے قابل بنانے کیلئے رجسٹریشن جلد شروع کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کاآئی ووٹنگ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (نیومارٹ ڈیسک):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابات2023 میں آئی ووٹنگ سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے قابل بنانے کیلئے رجسٹریشن جلد شروع کرنے کی ضرورت پر زوردیاہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ریکارڈ ترسیلات زر سے ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ابھی تک ووٹ ڈالنے کی سہولت نہیں ملی ۔ ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوآئی ووٹنگ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز،مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان ، وفاقی سیکرٹری برائے سائنس وٹیکنالوجی ندیم ارشد کیانی،وفاقی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت،قائم مقام چیئرمین نادرا بریگیڈئیر (ر)خالد لطیف،ڈی جی آئی ٹی ای سی پی خضرعزیزاور اعلیٰ حکام نے شرکت کی،صدر مملکت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ توہین ِ عدالت سے بچنے کیلئے انتخابات میں آئی ووٹنگ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شرکت یقینی بنانا ضروری ہے کیوں کہ ماضی میں عدالت اس حوالہ سے ہدایات دے چکی ہے۔متعلقہ ادارے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ،وزارت سائنس وٹیکنالوجی ،نادرا اور بیرون ملک مشنزالیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد تقریباً 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کیلئےانتظامات کریں، انہوں نے وزارت سائنس وٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ وہ نقطہ نظر کے ثبوت کے طور پر ای سی پی کو پریزنٹیشن کیلئے پروٹو ٹائپ ای وی ایم بنائے تاکہ حتمی ای وی ایم الیکشن کمیشن کی جانب سے بہتر خصوصیات کے مطابق بنایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کا عمل الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ اور بنیادی ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہاکہ حکومت الیکشن کمیشن کی استعداد کاربڑھانے کیلئے صرف رہنمائی اور تکنیکی مدد فراہم کرنا چاہتی ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایاکہ پروٹو ٹائپ ای وی ایم 14 جولائی کو الیکشن کمیشن کو پیش کی جائے گی تاکہ اوورسیز پاکستانیز کواپنے ووٹ کے اندراج کیلئے آگاہی فراہم کی جا سکے۔مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹربابر اعوان نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں میں رجسٹریشن کے عمل بارےآگاہی کیلئے تشہیری مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، ان کی وزارت اس حوالہ سے الیکشن کمیشن کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔قائمقام چیئرمین نادرا بریگیڈئیر (ر)خالد لطیف نے اجلاس میں بتایاکہ ان کا ادارہ ووٹ رجسٹریشن کے عمل میں الیکشن کمیشن کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں