کراچی (نیوزمارٹ ڈیسک) اداکارہ انمول بلوچ نے کہا ہے کہ اگر انہوں نے فلموں میں اداکاری بھی شروع کردی تو وہ کسی بھی شرط پر آئٹم سانگ میں پرفارمنس نہیں کریں گی۔ ایک انٹرویو میں انمول بلوچ نے انکشاف کیا کہ وہ جلد ہی بڑی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اگرچہ کچھ فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے اس وقت بڑے پردے پر کام سے انکار کردیا تھا لیکن اب جلد ہی وہ فلموں میں دکھائی دیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ان سمیت ہر اداکارہ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ فلموں میں ہیروئن کے روپ میں دکھائی دیں تاہم انہوں نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں فلموں میں آئٹم سانگ میں پرفارمنس نہیں کریں گی کیونکہ ہمارے ہاں اسے پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھا جاتا۔
