لاہور( نیوزمارٹ ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے نگراںوزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کےلئے حکومت اور اپوزیشن کے چھ اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کا پہلا اجلاس آج (جمعہ)کے روز دوپہر دو بجے منعقد ہوگا۔اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کے تین تین اراکین کو شامل کیا گیا ۔پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی اتحاد کی جانب سے میاں اسلم اقبال ،راجہ بشارت اور مخدوم ہاشم جواں بخت جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے ملک محمد احمد خان، ملک ندیم کامران اور سید حسن مرتضی کے نام شامل ہیں۔پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے بعد اس کا پہلا اجلاس آج ( جمعہ ) کے روز دوپہر دو بجے طلب کر لیا گیا ۔پارلیمانی کمیٹی نگراں دونوںجانب سے نگراں وزیر اعلی کے لئے آنے والے ناموں پر مشاورت کرے گی ۔کمیٹی تین روز میں وزیراعلی پرویز الٰہی اور قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی جانب سے دیئے گئے ناموں میں سے کسی ایک نام پر اتفاق رائے کےلئے نشستیں کرے گی ۔پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔
