سکردو( نیوزمارٹ ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر سکردو کیپٹن (ر) شہریار شیرازی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سکردو، ایکسیئن تعمیرات عامہ سکردو کے ہمراہ بسنگو بشو کا دورہ کیا اور وہاں عمائدین اور سرکردگان بشو، بسنگو بشو سے ملاقات کیں۔ اور وہاں دس بیڈ ہسپتال کی تعمیر کے لئے جگہ کا انتخاب کیا۔ اس موقع پر عمائدین نے بشو کے دیگر مسائل سڑک، پل، سکول کی اپ گریڈیشن، واٹر چینل، گندم، آٹا اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ مسائل کے حل کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بسنگو بشو کے سڑک اور پل اے کے آر ایس پی کے ذریعے بنائے گئے تھے۔ اور سکول کی اپ گریڈیشن کے لئے ڈی ڈی ایجوکیشن کو بھیجیں گے اور حکام بالا کو منظوری کے لئے سفارش ارسال کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ سکردو ہمیشہ سے دور افتادہ علاقوں کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے کوشاں ہیں۔ انہوں نے عمائدین کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
