راولپنڈی(نیوزمارٹ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا جس کی تصدیق ان کے بھتیجے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ممبر قومی اسمبلی راشد شفیق کی جانب سے کی گئی ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کے بھتیجے راشد شفیق کے مطابق راولپنڈی پولیس نے سابق وفاقی وزیر کو 12 بج کر 40 منٹ پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا ہے۔راشد شفیق نے مزید بتایا کہ شیخ رشید کے عملے نے انہیں کال کر کے گرفتاری کی اطلاع دی، راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری رہائش گاہ پر پہنچی، پولیس یہ نہیں بتا رہی کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کو کس تھانے میں لے جایا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں درخواست دی گئی تھی اور سابق وزیر کو تھانہ آبپارہ میں ہی منتقل کرنے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی مذمت کی جا رہی ہے۔پی ٹی آئی رہنماء اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر نے شیخ رشید کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اپے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ”عمران خان کے ساتھیوں کی گرفتاری کا مقصد خوف پھیلانا ہے، اعلیٰ عدلیہ نے ان گرفتایوں کا اگر نوٹس لیا تو تو ملک میں بنیادی انسانی حقوق کا نام و نشان مٹ جائے گا“۔
