اسلام آباد (نیوزمارٹ ڈیسک)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور عالم اسلام کی مشہور درسگاہ مصر کی جامعہ الازہر کے مابین مفاہمت کی یادداشت(ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ معاہدے کے مطابق تعلیم و تحقیق، فیکلٹی اور طلبہ کے ایکسچینج پروگرامز کے لئے مشاورت اور مل کر کام کیا جائے گا۔علاقائی زبانیں سیکھنے کے لئے جامعہ الازہر کے فیکلٹی ممبرز اور طلبہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کرسکیں گے اور اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز اور طلبہ جامعہ الازہر کا دورہ کرسکیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تعلیمی معیار میں اضافہ کے لئے فیکلٹی ممبران کی تربیت ضروری ہے جس کے لئے بین الاقوامی جامعات کے ساتھ معاہدوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔دستخطوں کی تقریب کے موقع پر شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید بھی موجود تھے جنہوں نے یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
