دبئی(نیوزمارٹ ڈیسک )نوجوان بھارتی بیٹر شبمن گل کو گزشتہ ماہ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوری 2023کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے،آئی سی سی کے مطابق نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈیون کانوے اور بھارتی کھلاڑی محمد سراج کے ساتھ نامزد کئے گئے شبمن گل نے جنوری میں وائٹ بال کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت یہ اعزاز حاصل کیا،دائیں ہاتھ کے بیٹر نے گزشتہ ماہ حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں ڈبل سنچری بنائی تھی، انہوں نے سنسنی خیز مقابلے میں 149گیندوں پر 209رنز بنائے جبکہ بھارت نے میچ میں 12رنز سے کامیابی حاصل کی تھی،شبمن نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دیگر میچز میں 40اور 112رنز کی اننگز کھیلی تھیں،23سالہ نوجوان بیٹر نے پچھلے مہینے میں اپنی پہلی ٹی 20سنچری بھی ریکارڈ کی تھی جب انہوں نے ناقابل شکست 126رنز بنائے تھے۔
