بیجنگ (نیوزمارٹ ڈیسک) چین کے وزیر خارجہ چھن گانگ نے کہا ہے کہ چین اور ایران کے سربراہان مملکت کے درمیان ہونے والی بامعنی گفتگو میں وسیع اور اہم اتفاق رائے پیدا ہوا ہے اور اہم اسٹریٹجک رہنمائی فرا ہم ہوئی جس سے دوطرفہ تعلقات کی ترقی کو تقویت ملی ہے۔ بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ چھن گانگ نے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین عملی تعاون کو گہرا کرنے، عوامی سطح پر تبادلے مضبوط بنانے، دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے تازہ ترین اتفاق رائے پر عمل درآمد اور چین ۔ایران جامع اسٹریٹجک شراکت داری پر نئی پیشرفت کے لئے ایران کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔ چین ایران کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ میں اس کی حمایت کرتا ہے ، چھن نے کہا کہ چین ایرانی جوہری معاملے کے سیاسی اور سفارتی تصفیے کے فروغ کی کوشش جاری رکھے گا اور دیگر متعلقہ فریقوں پر زور دے گا کہ وہ اس ضمن میں فعال کوششیں کریں۔
