49

دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں کو سلام‘ طارق عزیز کو دنیا چھوڑے ایک برس بیت گیا

لاہور (نیوزمارٹ ڈیسک) پاکستان ریڈیو، ٹیلی ویژن، فلم، صحافت، ادب وسیاست کے معروف نام اور پاکستان کے مقبول ترین گیم شو نیلام گھر کاآغاز کرنے والے طارق عزیز کو دنیا چھوڑے ایک برس بیت گیا۔28 اپریل 1936 کو جالندھر میں پیدا ہونے والے طارق عزیز کے والدین نے1947 میں پاکستان ہجرت کی،طارق عزیزنے ابتدائی تعلیم ساہیوال میں حاصل کرنے کے بعد ریڈیو پاکستان لاہور سے کیرئیرکا آغاز کیا۔ 26نومبر 1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن کے آغاز کے بعد سب سے پہلا میل اناؤنسر ہونے کا اعزاز طارق عزیز کے حصے میں ہی آیا۔پاکستان کا مقبول ترین گیم شو نیلام گھر شروع کرنے کا سہرا بھی انہی کے سر ہے جسے1975 میں شروع کیے جانے کے بعد برسوں جاری رکھا گیا۔نیلام گھر سے ان کا ایک منفردجملہ دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں آپ کو طارق عزیز کا سلام پہنچے انتہائی مقبول ہوا۔ طارق عزیز نے بڑی اسکرین پربھی صلاحیتوں کے خوب جوہردکھائے۔ 1968سے 1988 تک 20 سال کے عرصہ میں طارق عزیز نے 42 فلموں میں کام کیا, ان کی 33 فلمیں اردو اور باقی پنجابی زبان میں تھیں۔ان سب کے ساتھ ساتھ طارق عزیز سیاست میں بھی سرگرم رہے اور قومی اسمبلی کے ممبر بھی بنے۔ 1992 میں انہیں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔شوگر کے مرض میں مبتلا طارق عزیز کو 17 جون 2020 کو طبعیت خراب ہونے پر انتقال کرگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں