48

شفاف انتخابات کروائے‘ فافن رپورٹ ثبوت(الیکشن کمیشن کی وضاحت)

گلگت(خصوصی رپورٹر) ترجمان الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے انتخابات 2020 کے حوالے سے فافن رپورٹ کو مسخ کرکے پیش کرنے پر مقامی روزنامہ بادشمال کی 18 جون 2021 کو شائع شدہ خبر کو من گھڑت،بے بنیاد اور مزکورہ رپورٹرکی بدنیتی،شرارت اور ان کی ذہنی اختراع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبر حقیقت سے کوسوں دور اور سراسرجھوٹ پر مبنی ہے۔ فافن رپورٹ کو پڑھے بغیر ایک من گھڑت کہانی جوڑی گئی ہے جو کہ صحافتی اقدار کے بالکل منافی ہے،حالانکہ فافین کے نمائندہ وفد کی صحافیوں کے ساتھ کی گئی نشست میں بھی ایسی کوئی بات زیر بحث نہیں رہی اور نہ ہی دوران انتخابات بدانتظامی وغیرہ کا کوئی ذکر کیا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق فافین کی جانب سے الیکشن 2020 کے انعقاد کو تسلی بخش اور تاریخی قرار دئیے جانے کی خبر کراچی اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں سے شائع ہونے والے اخبارات کہ شہ سرخی رہی ہے جو کہ انتخابات کی شفافیت،اور غیر جانبداری کا بین الثبوت ہے۔ ترجمان کے مطابق پولنگ ڈے کے موقع پر کسی ایک پولنگ اسٹیشن پر کوئی بھی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا اور نہ ہی ایسی کوئی رپورٹ ملی حلانکہ پولنگ ڈے مکمل پرامن اور شاندار رہا ہے۔ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے کئے گئے انتظامات،اقدامات اور بہترین منصوبہ بندی کے باعث انتخابات نہایت خوش اسلوبی سے انجام پذیر ہوئے جسے فافین رپورٹ کے علاوہ عوام نے بھی خوب سراہا اور تاریخی قرار دیا ہے۔فافن رپورٹ کے سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کرکے عوام کو غلط تاثر دینا کوئی دوراندیشی نہیں بلکہ معاشرے میں سکرپٹ لکھنے والا ہی مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں