66

سافٹ امیج کوئی چیز نہیں، یہ احساس کمتری ہے:مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے تو پاکستانیت کو پروموٹ کیا جائے،وزیراعظم

اسلام آباد: (نیوزمارٹ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سافٹ امیج کوئی چیز نہیں، احساس کمتری کے سبب اس لفظ پر لگا دیا گیا، امریکی جنگ میں ساتھ دیا لیکن ہمیں ہی برا بھلا کہا گیا۔ مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے تو پاکستانیت کو پروموٹ کیا جائے۔

نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میجر جنرل بابر افتخار سمیت آئی ایس پی آر کو شارٹ فلم فیسٹیول پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری آپ سے بڑی امیدیں ہیں۔ شارٹ فلمز پاکستان میں نئی شروعات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فلموں میں پاکستانی کلچر کو اجاگر کرنا چاہیے تھا۔ ملکی فلم فیسٹیول کے پیچھے جانے کی وجہ کہ ہم نے بھارتی کلچر کو اپنا لیا۔ میرا تجربہ ہے کاپی کی نہیں، اوریجنل ویڈیو کی اہمیت ہوتی ہے۔ نصرت فتح علی خان کو فنڈ ریزنگ کے لیے امریکا، برطانیہ ساتھ لے جاتا تھا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے ترکی کےصدر رجب طیب اردوان سے درخواست کی کہ ارطغرل ڈرامہ کی اردو میں پاکستان میں نشر کیا جائے۔ کیونکہ اس سے قبل ہالی ووڈ، بالی ووڈ کی فلموں میں بے حیائی دیکھائی جانے لگی تھی ایسی فلمیں یہاں بننا شروع ہو گئی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں وہ خوش قسمت انسان ہوں جس نے پورا پاکستان دیکھا ہے، ملک کا سب اہم سیکٹر شعبہ سیاحت ہے، بدھ ازم، کرتار پور راہداری سمیت مذہبی سیاحت موجود ہے۔ ہم نے دنیا بھر میں ہر چیز پیدا کر سکتے ہیں، پاکستان میں 12 موسم ہیں جو دنیا میں کہیں نہیں، سیاحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ جو شخص ہارنے سے ڈرتا ہے وہ کبھی نہیں جیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کاجنگ میں ساتھ دیا اورہمیں ہی برابھلا کہا جاتا رہا۔ احساس کمتری میں مبتلا شخص دنیا کو کاپی کرتا ہے۔ ہم نے سافٹ امیج پروموٹ کرنا ہے تو پاکستانیت پروموٹ کریں۔

اس سے قبل نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ وطن عزیز کو دو دہائیوں سے دہشتگردی کی جنگ کا سامنا کرنا رہا، تخریب کاروں نے پاکستان کے عالمی وقار کو بہت نقصان پہنچایا اور آج بھی کوشش کر رہے ہیں، انسداد دہشت گردی کی جنگ تقریباً جیت چکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی سطح پر اپنا امیج بہترین بنائیں۔ پاکستان وہ خوش نصیب ملک ہے جہاں پر 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نیشنل ایمیچیور شارٹ فلم فیسٹیول میں نوجوان شارٹ فلمز بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایمیچیور شارٹ فلم فیسٹیول ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر نوجوانوں نے شارٹ فلم بنائی ہیں جس سے پاکستان کا بہترین تشخص سامنے لایا جا سکے۔ نومبر2020 میں اس فیسٹیول کے لیے ہم نے بہترین ٹیم تشکیل دیں، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس مقصد کی سرپرستی کی۔

مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماضی میں جس طرح جنگیں لڑیں ان کو صحیح طرح بیان نہیں کیا گیا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری قربانیاں کا ذکر ایسا نہیں جیسا ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگست میں پی ٹی آئی حکومت کو تین سال پورے ہو جائیں گے، 14 اگست کو پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان سمیت سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کو تبدیل کریں گے، ان کو ڈیجیٹلائزڈ کریںگے، ماڈرن ریڈیو لیکر آئیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ ریاستوں کے پاس رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے میڈیا اہم ذریعہ ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پاکستان میں شارٹ فلم کو نئی جہت بخشی، میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے، کراچی میں فلم سکول بنا رہے ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے سینما کاروبار خسارے میں چلا گیا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں