71

ضمیر فروش امیدوار پی ٹی آئی کے چھتری تلے جمع ہوکر کس منہ سے ووٹ مانگیں گے۔، عظمیٰ بخاری

لاہور(نیوزمارٹ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے کونے کونے میں میاں نواز شریف کے نام کی تختیاں لگی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے فردوس عاشق کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فردوس عاشق لاہور کا کچرا اٹھانے کے لیے ’ ٹائیگر فورس‘ کو بلا لیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے ’ شیرو‘ تبدیلی کے لیے کارآمد ثابت نہیں ہوئے تو ان سے کچرا اٹھانے کا کام لے لیں، عثمان بزدار نے خوبصورت لاہور کو بدصورت شہر بنادیا ہے، عمران خان لوٹوں کی بارات سے آزاد کشمیر اسمبلی فتح کرنے چلے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جنرل الیکشن اور گلگت والی تاریخ آزاد کشمیر میں دہرائی جارہی ہے، اب ضمیر فروش امیدوار پی ٹی آئی کے چھتری تلے جمع ہوکر کس منہ سے ووٹ مانگیں گے۔

انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں نوازشریف کے شیر ایک بار پھر سرخرو ہونگے، عمران خان نے گلگت بلتستان کے الیکشن سے قبل یہاں کے عوام سے صوبہ بنانے کا جھوٹا وعدہ کیا، گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی نے بلندو بانگ دعوے کیے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا یہ بھی ہے کہ عمران خان آج گلگت بلتستان جانے کی بجائے ناران کاغان اور مری جاتے ہیں، تبدیلی، سونامی اورنیا پاکستان جھوٹ کے سہارے چل رہا ہے، پاکستان بھر کی عوام نئے پاکستان والوں کے جھوٹ سن سن کر تنگ آچکے ہیں، پاکستان کی عوام آج نوازشریف کا پرانا پاکستان یاد کررہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں