52

محکمہ معدنیات وقدرتی وسائل کی کارکردگی قابل تعریف ہے ، چوہدری پرویزالٰہی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کیلئے محکمہ معدنیات کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے ملاقات کی جس میں عمار یاسر نے محکمے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

عمار یاسر کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کوئلے کی 25 نئی سائٹس دریافت کی گئی ہیں ، کوئلے کی نئی سائٹس کی جلد نیلامی کی جائے گی۔

اس ملاقات میں چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ زمین میں چھپے خزانوں کو قومی ترقی کے لئے بہتر حکمت عملی سے استعمال میں لانا ضروری ہے ، محکمہ معدنیات کے صوبے اور عوام کیلئے اقدامات بہترین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کے نئے کارخانوں سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ، محکمہ معدنیات میں کام کرنے والے مزدوروں کی جان اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا کہ پہلی بار محکمہ معدنیات نے خزانے میں آمدنی سے دس ارب روپے جمع کروائے ہیں ، سیمنٹ کے کارخانوں پر پابندی کا خاتمہ کیا ، 21 نئے لائسنس برائے لائم سٹون پرائیویٹ کمپنیوں کو دیے گئے ، کوئلے کی نئی لیز پر پابندی ختم کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مائنز ورکرز کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف میں 300 فیصد اضافہ کیا اور مائنز ورکرزکیلئے چکوال میں موبائل ہیلتھ یونٹ قائم کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں