117

زونگ اورجاز بھی گلگت بلتستان میں 4 جی موبائل سروسزکاآغاز کریںگی

اسلام آباد(نیوزمارٹ،پناہ نیوز)آزاد جموں و کشمیر (اے جے اینڈ کے)اور گلگت بلتستان (جی بی)میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس)کے لیے سیلولر سپیکٹرم کی نیلامی آج پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
1800 میگا ہرٹز بینڈ کے لئے الیکٹرانک نیلامی میں سی ایم پاک (زونگ)، اور پی ایم سی ایل (جاز) سمیت دو آپریٹروں نے حصہ لیا الیکٹرانک نیلامی 18 راؤنڈ تک جا پہنچی اور1800 میگا ہرٹز بینڈ میں 10 میگا ہرٹز (5 میگا ہرٹز کے 2 بلاکس) کے لئے زونگ کی طرف سے 14.398 ملین امریکی ڈالر کی کامیاب بولی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ 1800 میگاہرٹز بینڈ میں فروخت ہونے والا سپیکٹرم اے جے اینڈ کے اور جی بی کے لیے مذکورہ بینڈ میں پیش کردہ کل سپیکٹرم کا 85فیصد ہے۔ مزید یہ کہ ٹیلی نار، یوفون اور زونگ نے 1800 میگا ہرٹز بینڈ میں 1.2 میگا ہرٹز بھی حاصل کیا۔
2100 میگا ہرٹز بینڈ میں 15 میگا ہرٹز کے سپیکٹرم کے لیے مقررہ بیس پرائس پرٹیلی نار پاکستان کو کامیاب قرار دیا گیا۔ 2100 میگا ہرٹز بینڈ میں فروخت ہونے والا سپیکٹرم مذکورہ بینڈ میں کل پیش کردہ سپیکٹرم کا 50 فیصد ہے۔ اے جے کے اور جی بی کے لیے اس سپیکٹرم کی نیلامی سے حاصل ہونے والی کل آمدنی 30 ملین امریکی ڈالر سے زائد ہے۔پی ٹی اے نے نیلامی کا عمل بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹ جے وی ٹیلکونیٹ/ فرنٹیئر اکنامکس کی مدد سے مکمل کیا جو اپریل 2021 سے اس عمل میں شامل ہے اور اس نے موبائل فون کے شعبے ودیگر شراکت داروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔ حکومت پاکستان نے اکتوبر 2020میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت آکشن ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی۔11 اگست 2021 کو پالیسی ہدایت جاری کی گئیں جس کے تحت پی ٹی اے نے صارفین کے مفادات کے پیش نظر سپیکٹرم نیلامی کے عمل کو منصفانہ اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔سپیکٹرم کے اس اضافے سے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کو سیاحت کے حوالے سے اہم ان دونوں علاقوں میں بہتر ڈیٹا اور وائس سروسز کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں