www.dailynewsmart.com.pk 40

پنڈورا پیپرز تحقیقات:جو جواب نہیں دیگا وہ اداروں کے حوالے،کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کا کوئی علم نہیں، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ (ن)لیگ صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو بدنام کر رہی ہے، نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں،نواز شریف واپس آنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹے میں کاغذات جاری کرسکتے ہیں، ہم مزاحمت کے نہیں مفاہمت کے داعی ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کا کوئی علم نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی میں مزید کچھ گروپ شامل ہوگئے ہیں، یوسف رضا گیلانی ای سی ایل سے متعلق عدالت یا وزارت داخلہ سے رجوع کرسکتے ہیں، وہ ہمیں درخواست دیں وزارت داخلہ یوسف رضا کے ای سی ایل میں نام ہونے کا معاملہ دیکھے گی، پاکستان میں کئی ہزار ویزا ہولڈر لوگ لاپتہ ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہے ہیں، پنڈورا لیکس کی تحقیقات ہوں گی، جو جواب نہیں دیں گے ان کو اداروں کے حوالے کریں گے۔نیشنل ایکشن پلان سیکریٹریٹ فاٹا ہاوس اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے قائد ملک آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ یہ صرف سیاسی گند ہی کریں گے۔علاوہ ازیں انہوں نے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن جب چاہیے حساس ادارے کو تنقید کا نشانہ بناتی ہے اور میڈیا اسے پوری آزادی کے ساتھ نشر کرتا ہے، اس سے زیادہ میڈیا کی آزاد دنیامیں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جدید خطوط پر استور کررہے ہیں، جب سے یہ اتھارٹی فعال ہوئی ہے ہمارے پاس پاکستان میں داخل ہونے والے پاسپورٹ ہولڈرز کی معلومات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل جتنے بھی غیرملکی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے، ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں غیرملکی پاسپورٹ ہولڈرز لاپتا ہیں اس لیے انہیں ایمنسٹی دی جارہی ہے تاکہ وہ 30 اکتوبر سے پہلے درخواست دیں اور اپنے ملک روانہ ہوجائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں