18

امریکی نائب وزیرخارجہ وینڈی شرمن نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے پر گہرے افسوس کا اظہار

اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک)امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔وینڈی شرمن نے جمعرات کو ٹویٹ میں کہا کہ ’آج صبح جنوب مغربی پاکستان میں آنے والے شدید زلزلے کے بارے میں جان کر افسوس ہوا۔ میں آج رات اسلام آباد کے لیے روانہ ہو رہی ہوں، اپنے ساتھ امریکی عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے مخلصانہ تعزیتی پیغامات لے کر جا رہی ہوں۔‘ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن جمعرات کو پاکستان پہنچ رہی ہیں۔


افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد کسی بھی اہم امریکی حکومتی شخصیت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، سبی، ہرنائی، زیارت، پشین سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے باعث متعدد مکانات منہدم ہونے سے 20 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بدھ کی شب تین بجے آنے والے زلزلے کے نتیجے میں مکانات منہدم ہو گئے اور متعدد افراد بھی ملبے تلے دب گئے تھے۔زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی تھی۔ زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے تقریباً 180 کلومیٹر دور ہرنائی کا علاقہ تھا۔وزیراعظم عمران خان نے زلزلے میں ہلاک ہو جانے والوں سے تعزیت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’میں نے ہرنائی بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی فوری مدد اور نقصانات کے ازالے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں