21

صدر مملکت کا دہشت گردی کے واقعات میں شہید فوجی جوانوں کے اہل خانہ سے ٹیلی فون پراظہار تعزیت

اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے سوگوار خاندانوں کو بدھ کو ٹیلی فون کئے اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شمالی وزیرستان، باجوڑ اور ضلع کرم میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان سے تعزیت کا اظہارکیا۔ انہوں نے 20 اکتوبر کو باجوڑ میں دھماکے میں شہید ہونے والے لانس نائیک مدثر ، سپاہی جمشید خان اور سپاہی صمد خان کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔ صدر مملکت نے 26 اکتوبر کو ضلع کرم میں فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے سپاہی اسد اور سپاہی آصف کے ورثاء سے بھی گفتگو کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے 26 اکتوبر کو شمالی وزیرستان میں دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہی رمضان خٹک اور سپاہی روحیل حسین کے اہلِ خانہ سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ صدر مملکت نے وطن کی خاطر شہداء کی خدمات اور عظیم قربانی پر شہداء اور ان کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں