14

ہوشربا مہنگائی‘ وزیراعظم نے عوام کے کپڑے اتار لیے،سراج الحق

لاہور(بیورورپورٹ)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے کپڑے بیچنے کی بات کر کے عوام کے کپڑے بھی اتار دیے، ملکی مسائل کا حل فرد واحد نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی اور غیر سودی نظام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ملک میں اسوقت ڈمی حکومت اور ڈمی اپوزیشن ہے، فیصلے قومی اسمبلی اور کیبنٹ میں نہیں ہو رہے تو ذمہ داری تین پارٹیوں پر آتی ہے، سندھ، پشاور، بلوچستان اور پنجاب میں کرپشن ہی کرپشن ہے جس کے ذمہ دار جنات نہیں بلکہ سیاسی رہنما اور وی آئی پی اشرافیہ ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ہم غیر سودی نظام معیشت چاہتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ بجٹ سود فری بجٹ ہو، بجٹ میں آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کاروڈ میپ ہونا چاہیے۔انہوں نے اعلان کیا کہ کہ 11 جون کو جماعت اسلامی سودی نظام، کرپشن اور مہنگائی کیخلاف مارچ کرے گی، مہم کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے آئی ایم ایف کو راستہ دیا اور اسٹیٹ بینک کو عالمی مالیاتی فنڈز کے حوالے کیا، قوم اب ان سیاسی جماعتوں کے مختلف جھنڈوں اور نعروں پر نہ جائیں کیونکہ عوام کی مشکلات اور ملکی مسائل ان تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں