اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سیاست میں مذاکرات کی ہمیشہ گنجائش موجود ہوتی ہے، حکومت تحریک انصاف کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت لانگ مارچ کے ذریعے حکومت پر دباؤ نہیں ڈال سکتی، عمران خان اپنے غیر آئینی مطالبات منوانے کے لئے احتجاج اور ہٹ دھرمی کی سیاست ترک کریں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کے حوالے سے سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات اگلے سال ہوں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے اقتدار کھونے کے بعد ریاستی اداروں کے خلاف مہم شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کو یقینی بنائے گی جس سے ملک کے جمہوری اور آئینی نظام کا تحفظ ہو۔ وزیراعظم کے مشیرنے کہا کہ عمران خان کو ملکی قانون کے مطابق احتجاجی مظاہرے کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور احتجاج کے دوران کسی کو املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہے۔
