کراچی(نیوزمارٹ ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں الیکشن کرائے جائیں۔جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی سندھ میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی درخواستوں کی سماعت میں سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے رینجرز اور آئی جی سندھ کو اہلکاروں کی مجموعی تعداد کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوجائے پھر سماعت رکھی جائے۔ چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں اجلاس سے کچھ لینا دینا نہیں کراچی اور حیدرآباد میں الیکشن کرائے جائیں۔چیف جسٹس احمد علی شیخ نے استفسار کیا کہ سیلاب میں کون سی پولیس جاتی ہے؟ بتائیں سیلاب زدگان کے پاس پولیس کیا کررہی ہے؟ کون سی ڈیوٹی ہے پولیس کی؟ کوئی ایک گاؤں بتادیں جہاں پولیس نے سیلاب متاثرین کیلئے آپریشن کیا ہو۔ کتنی مجموعی نفری ہے سندھ میں؟ بتائیں پولیس کہاں کہاں تعینات ہے؟۔
