گلگت (نیوزمارٹ ڈیسک )وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی ہدایت پر لینڈ ریفارمز کمیٹی کا دوسرا اجلاس صوبائی وزیر قانون سید سہیل عباس کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ گلگت بلتستان کا تاریخی حل طلب مسئلہ لینڈ ریفارمز کا ہے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے واضح ہدایات کی روشنی میں زمینوں کی ملکیت قانونی طریقہ کار کے مطابق عوام کو دینے کیلئے غور و خوص کیا گیا، اس حوالے سے ریونیو کے محکمے کو فعال اور مضبوط بنانے کیلئے ایک ہفتے میں سفارشات تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو زمینوں کی ملکیت او رحقوق قانونی طریقہ کار کے تحت دیئے جائیں گے، جس میں زراعت کے شعبے کے فروغ کو مرکزی حیثیت دی جائے گی۔لینڈ ریکارڈ کی تیاری GISکی بنیاد پر کرنے کیلئے دیگر صوبوں کے ماہرین کو بھی گلگت بلتستان مدعو کیا گیا ہے۔ اجلاس کے آخر میں صوبائی وزیر قانون سید سہیل عباس نے لینڈ ریفارمز کمیٹی کے تمام ممبران کو ہدایت کی ہے کہ کمیٹی کی سفارشات مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ گلگت بلتستان کا یہ حل طلب مسئلہ عوامی خواہشات کے مطابق حل کیا جاسکے۔
