گلگت(نیوزمارٹ ڈیسک )پارلیمانی سیکرٹری ایجوکیشن گلگت بلتستان ثریا زمان کا گلگت شہر کے سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ۔ پارلیمانی سیکرٹری نے طلبا و طالبات کے سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کے حاضری کے ساتھ ساتھ تعلیمی سیشن میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر ایجوکیشن اکیڈمک گلگت ڈویڑن فیض اللہ لون اور ڈپٹی ڈائرکٹر ایجوکیشن گلگت عبدالوہاب بھی ان کی ہمراہ موجود تھے۔ ثریا زمان نے عوامی شکایات کے حوالے سے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سہولیات کے فقدان اور تدریسی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور بعض امور کے حل اور فوری اقدامات کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ پارلیمانی سیکرٹری ایجوکیشن محترمہ ثریا زمان نے اساتذہ اور طلبا سے ان کے مسائل دریافت کئے اور انکے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے شعبہ تعلیم کیلئے اٹھائے جانے والے انقلابی اقدامات سے آگاہ کیا انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کو بہتر بنانے اور طلبا دور جدید کے علوم سے روشناس کرانے کیلئے کوشاں ہے۔ انشااللہ مستقبل قریب میں حصول علم کے حوالے سے گلگت بلتستان ایک مثالی صوبہ بن کر ابھرے گا۔
