لاہور (نیوزمارٹ ڈیسک) پنجاب کی نگران کابینہ میں شامل وزرا نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس لاہور میں نگران کابینہ سے حلف لیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں نگران صوبائی وزراءکی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی، سید محسن رضا نقوی نے حلف اٹھانے والے نگران صوبائی وزراءکو مبارکباد دی۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران کابینہ کے 8 ارکان سے حلف لیا، چیف سیکرٹری پنجاب چودھری زاہد اختر نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔حلف اٹھانے والے وزرائ میں ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ابراہیم مراد، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر، منصور قادر، سید اظفر علی ناصر،عامر میرشامل ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کا نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے، شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد نگران سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم یہ قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائیں گے، انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل آج خیبر پختونخوا کی نگرام کابینہ نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا، نوٹی فکیشن کے مطابق عبدالحلیم قصوریہ، حامد شاہ، سید مسعود شاہ، غفران اور تاج محمد آفریدی کو نگران سیٹ اپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
