اسلام آباد ( نیوزمارٹ ڈیسک) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات و رکن اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ صوبائی گلگت بلتستان کا بجٹ بنی گالہ اور زمان پارک پر لگا کر وفاقی حکومت پر الزام تراشی کر رہی ہے۔ملکی سیاست میں تحریکِ انصاف اور عمران نیازی کا کردار صرف تماشائی کا رہ گیا ہے۔ تحریک انصاف کی جھوٹ اور الزام تراشی پر مبنی سیاست زمین بوس ہو چکی ہے۔ صوبائی حکومت بدترین کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے مالی بحران کا شکار ہوئی ہے اب یہ لوگ اپنی نااہلی کا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے بیڈ گورننس کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں عمران نیازی نے جس طرح چار سالوں میں ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا اس کے پیروکار وہی حال گلگت بلتستان کی معیشت کا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے علاقے کو ترقی کے بجائے تنزلی کی راہ پر لگا دیا ہے اور گلگت بلتستان میں آئینی انتظامی عدالتی اصلاحات کا کریڈٹ بھی پیپلز پارٹی کے سر جاتا ہے آئندہ بھی پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو نہ صرف عبوری آئینی صوبہ بنائے گی بلکہ علاقے میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
