66

آئیڈیاز کی بہتات ، لیکن اب وقت آگیا کہ ان پر عملدرآمد کیا جائے،صدر مملکت

اسلام آباد ( نیوزمارٹ ڈیسک )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو سماجی و اقتصادی طور پر خوشحال بنانے کے لیے صرف قدرتی و انسانی وسائل کافی نہیں، دانشمندی، پالیسیوں میں مستقل مزاجی، الجھنوں سے گریز اور ایک دوسرے کے ساتھ فعال تعاون ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ضروری ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان حکومت کے زیر اہتمام ”جی بی ڈریم روڈ شو“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان، جی بی حکومت کے وزراءاور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان انہیں بہت عزیز ہے اور انہوں نے ہمیشہ اس خطے کے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لیے بطور سفیر اس خطے کی نمائندگی کی، سیاحوں کو علاقے میں سہولتیں فراہم کی جانی چاہیں۔ آئیڈیاز کی بہتات ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ان پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی کمیونٹی کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں ہے اور جی بی کے لوگوں کو علاقے میں ترقی کے فروغ کے لیے پوری طرح اور فعال طور پر مصروف عمل ہونا چاہیے۔تقریب میں شعیب سلطان نے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام برائے جی بی کے ساتھ اپنے طویل سفر کا احوال بیان کیا اور کہا کہ انہوں نے رورل سپورٹ پروگرام کے لیے 40 سال تک کام کیا اور یہ لوگوں اور کمیونٹی کی حمایت ہی تھی جس نے اسے کامیاب بنایا۔ قبل ازیں صدر مملکت نے شو کے مختلف سٹالز کا بھی دورہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں