کراچی(نیوزمارٹ ڈیسک)وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ شوکت ترین نے عمران خان کے بہکانے میں آکر ایک ایسی حرکت کی کہ جس سے پاکستان کو نقصان ہو سکتا تھا، ان کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور ایف آئی اے کو انہیں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے، ادارے عمران خان کے خلاف بھی تحقیقات کررہے ہیں اور عنقریب ان کی گرفتاری کا مرحلہ بھی آنے کو ہے۔رانا ثنااللہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پچھلے سات آٹھ ماہ سے باقاعدہ مہم جوئی اور کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو جائے تاکہ معاشی طور پر استحکام حاصل نہ کر سکے اور خدانخواستہ ڈیفالٹ کر جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے عمران خان نے شوکت ترین جیسے آدمی کو بھی بہکایا جو بظاہر شریف آدمی ہیں اور ان کے بہکانے میں آ کر انہوں نے بھی ایک ایسی حرکت کی کہ جس سے پاکستان کو نقصان ہو سکتا تھا، ان کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت مانگی ہے جو حکومت نے دے دی ہے اور انہیں اس بات کی سزا ملنی چاہیے تاکہ کسی کو بھی دوبارہ اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جب اس سب میں کامیاب نہ ہو سکے اور آئی ایم ایف کا معاہدہ کرنے میں حکومت پاکستان کامیاب ہوتی نظر رہی ہے تو آج انہوں نے پھر بہت ہی گھٹیا سے بھی نیچے جا کر گفتگو کی ہے ۔ آج کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ہے، آئی جی اور ایڈیشنل آئی نے کراچی کو محفوظ بنانے اور شہریوں کے تحفظ کا پروگرام ہمارے ساتھ شیئر کیا ہے اور ہمیں امید ہے وہ کراچی کے شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید بہتری لائیں گے اور اس سلسلے میں وہ وفاقی حکومت سے جو تعاون چاہتے ہیں اس میں حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔
