گلگت(نیوزمارٹ ڈیسک )مشیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو گلگت بلتستان کے عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور اسمبلی اپنی مدت پوری کریگی۔ بلتستان اسمبلی کسی کا ذاتی اصطبل نہیں ہے، جو اپنی مرضی سے اس کو توڑے، یہ اسمبلی گلگت بلتستان کے 20 لاکھ عوام کا نمائندہ اور مقدس ایوان ہے اور ریاستی ادارے کی حرمت پر حرف نہیں آنے دینگے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کو یک جنبش قلم ختم کرنے کی جسارت کوئی نہیں کر سکتا اور گلگت بلتستان میں ان کے سہولت کار سیاسی مخاصمت کا بدلہ گلگت بلتستان کے عوام سے لینے کے درپے ہے اور فنڈز کٹوتی، سبسڈی میں کمی کے علاوہ صوبائی حکومت سمیت اسمبلی کو بھی ختم کرنے کے درپے ہیں جس سے گلگت بلتستان میں احساس محرومی میں مزید اضافہ ہوگا۔
