دیامر (نیوزمارٹ ڈیسک ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے دیامربھاشا ڈیم سائٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے آئی جی پی گلگت بلتستان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ،چیف سیکریٹری کے پی کے، آئی جی پی کے پی کے اور آئی جی ایف سی کا استقبال کیا،اس موقع پر کے پی کے اورجی بی دونوں صوبوں کی ڈویڑنل اورضلعی انتظامیہ موجود تھی۔ وفاقی وزیرکوڈیم سائٹ کے دورے کے موقع پرچیئرمین واپڈا نے ڈیم پر جاری کام کی رفتار اوردیگراہم امورکے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے واپڈا کی جانب سے ڈیم کی تعمیر کے لیے تعینات سیکیورٹی اپریٹس اورمنصوبے پر کام کرنے والے چینی بھائیوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا،اور ڈیم سیکیورٹی ٹاسک فورس کو مزید افرادی قوت فراہم ہوگی کیونکہ آنے والے وقتوں میں منصوبے پر کام کرنے والے چینیوں کی موجودہ تعداد 380 سے بڑھ کر تقریباً 1000 ورکرز،انجینئرز پر مشتمل ہو جائے گی ، اس موقع پروزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور واپڈا کی جانب سے غیر مستحکم معاشی اورنامساعد حالات کے باوجود کئے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں انھوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات سے میں اتفاق کرتا ہوں انہوں نے وعدہ کیا کہ ان سفارشات کواسی ہفتے وزیر اعظم پاکستان کے سامنے پیش کروں گا اور انھیں تمام حالات سے آگاہ کرتے ہوئے ان سفارشات پر فوری منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
