ممبئی (نیوزمارٹ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی آنجہانی والدہ، اداکارہ سری دیوی کی برسی پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔ جھانوی کپور نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی والدہ سری دیوی کے ہمراہ ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔ اس تصویر میں دونوں ماں بیٹی کو روایتی ہندوستانی ملبوسات پہنے دیکھا جاسکتاہے۔ انہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ماں، میں اب بھی آپ کو ہر جگہ تلاش کرتی ہوں، اب بھی میں ہر کام کرتے ہوئے امید کررہی ہوں کہ آپ کو مجھ پر فخر ہوگا۔ انہوں نے لکھا کہ میں جہاں بھی جاتی ہوں اور جو کچھ بھی میں کرتی ہوں، سب کچھ آپ سے شروع ہوتا ہے اور آپ پر ہی ختم ہوتا ہے۔
