لاہور (نیوزمارٹ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے پہلی گرفتاری دے کر معاشی عدم استحکام ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر کریک ڈاؤن کے خلاف ’ جیل بھرو تحریک ‘ کا آغاز کر دیا۔جیل بھرو تحریک کے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، اعجاز چودھری، سینیٹر ولید اقبال، عمر سرفراز چیمہ اور زبیر نیازی نے گرفتاری دے دی، پولیس نے شاہ محمود قریشی سمیت تمام رہنماؤں کو قیدیوں کی وین میں بٹھا لیا جبکہ دیگر رہنما اور 200 کارکنان بھی اپنی گرفتاری دیں گے۔شاہ محمود قریشی نے گرفتاری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپتان کی کال پر جیل بھرو تحریک کی قیادت کرتے ہوئے پہلی گرفتاری دینا باعث فخر ہے، ملک میں امپورٹڈ حکومت کی لاقانونیت ختم ہونے اور دس ماہ کی تباہ کاریوں کے حساب تک یہ تحریک جاری رہے گی۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 700 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس پوری تیاری کے ساتھ وینز لے کر آئی اور ہزاروں لوگوں کو دیکھ کر پریشان ہو گئی، سی سی پی او آفس، چیئرنگ کراس کے سامنے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے، قائدین اور کارکنان کے جذبے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
