اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک) چئیر مین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف آج (پیر کو )اسلام آباد کی عدالتوں میں دو اہم کیسز کی سماعت ہوگی۔ تفصیل کے مطابق مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ سماعت کرے گا۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب طاہر بھی بینچ میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ عدالت نے پٹیشن میں ترمیم کی شہری کی درخواست پر نوٹس جاری کیے تھے۔ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر بھی دلائل طلب کیے ہیں جبکہ ساجد نامی شہری نے عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی تھی۔ جبکہ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس میں سیشن کورٹ نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا ہے ۔ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کریں گے۔ سیشن کورٹ نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔
