61

آج چین کی معاشی ترقی دنیا بھر کے ترقی پسندوں کے لئے فخر کی وجہ ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک)چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ آج چین کی معاشی ترقی دنیا بھر کے ترقی پسندوں کے لئے فخر کی وجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہلیان چین کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے صد سالہ جشن پر مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان اور چین کے روایتی برادرانہ تعلقات میں استحکام اور تسلسل ہمیشہ برقرار رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین ماؤ سے صدر شی جن پنگ تک اشتراکی نظام کے تحت عوامی جمہوریہ چین کی مثالی ترقی دنیا کے لئے ایک مثال ہے ، مارکس لینن ماؤ آئیڈیالوجی کے ثمرات کی وجہ سے آج عوامی جمہوریہ چین دنیا میں ایک معاشی طاقت بن کر ابھرا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ چین میں سوشلسٹ انقلاب کی کامیابی نے ایک ارب سے زائد چینیوں کی خوش حالی میں کلیدی کردار ادا کیا ، پاکستان پیپلزپارٹی اور چینی کمیونسٹ پارٹی میں نصف صدی کا نسل در نسل مضبوط ایک رشتہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شاہراہ ریشم سے پاک چین اقتصادی راہداری تک عالمی نوعیت کے منصوبے پی پی پی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی مشترکہ کاوشوں کے ثمرات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں