138

انگلینڈ اورپاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا

کارڈف(نیوزمارٹ ڈیسک):پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو لندن کے صوفیہ گارڈنز، کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم ان دنوں دورہ انگلینڈ پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 8 سے 20 جولائی تک تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج جمعرات کو صوفیہ گارڈنز ،کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، شاہین آفریدی، حسن علی، محمد رضوان اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس کی قیادت میں میدان میں اترے گی ۔ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل عالمی وبا کورونا نے انگلش ٹیم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، سکواڈ میں شامل تین کھلاڑیوں اور عملے کے چار اراکین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پوری ٹیم کو آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تصدیق کر دی ہے کہ تین کھلاڑیوں اور چار آفیشلز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد تمام افراد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملنے والے تمام افراد بھی آئسولیشن میں رہیں گے۔

واضح رہے کہ ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی ہوں گے اور یوں پاکستان ٹیم کے پاس 46سال بعد انگلینڈ کی سرزمین پر ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کا سنہری موقع ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل 10 جولائی کو لارڈز جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 13 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز 16 جولائی سے شروع ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں