32

کورونا وائرس اور معاشی حالات کو پی ٹی آئی حکومت نے انتہائی احسن طریقے سے سنبھالا ،ڈاکٹر بابر اعوان

اٹک(نیوزمارٹ ڈیسک):وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ملاہے، پاکستان کو بہت سارے چیلینجز کا سامنا رہا ہے، کورونا وائرس اور معاشی حالات کو پی ٹی آئی حکومت نے انتہائی احسن طریقے سے سنبھالا ، شوگر مافیا، غلہ مافیا سے مقابلہ کیا ہے، آئندہ دو سال ڈیلیورنس کے ہیں، اپوزیشن کی سیاست میں شہباز شریف کبھی پاؤں پکڑنے اور کبھی ناک رگڑنے کی بات کرتے ہیں مگر اس طرح کی باتوں سےاب وہ واپس آنے والے نہیں،پاکستان میں کرپشن کو رواج دینے والے کہتے ہیں کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہےتاہم پی ٹی آئی میں یہ سب نہیں ہے،

وہ اتوار کو یہاں رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ افغان سرحد کی جانب بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں، ہم پاکستان کے اندر ،پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کی طرف دیکھیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے کھل کر کہا ہے کہ ہم امریکا کو پاکستان میں اڈے نہیں دیں گے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان افغانستان میں امریکا کا امن پارٹنر ہے تاہم جنگ میں پارٹنر شپ نہیں کریں گے،

وزیر اعظم عمران خان کی یہ پالیسیاں بہتر حالات کی نوید ہیں، ابھی حکومت کے 2سال باقی ہیں،آئندہ دو سال ڈیلیورنس کے ہیں۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے ایک سوال پر کہا کہ مجھے وکالت میں 4عشرے ہو گئے ہیں اس وقت جوڈیشل ریفارمز کی سخت ضرورت ہے، اس حوالہ سے اپوزیشن کے جو لوگ موجودہ عدالتی نظام پر تنقید کرتےہیں وہ آئیں ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر اصلاح کے پہلو نکالیں، وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی جیتے گی، اگر آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی نہ جیت رہی ہوتی تو اپوزیشن کی اتنی چیخیں نہ سنائی دے رہی ہوتیں، آزاد کشمیر میں بھی گلگت بلتستان جیسا ہی نتیجہ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین بھارت سمیت متعدد ممالک میں استعمال ہو رہی ہے،

بھارت جس کی آبادی ہم سے دس گنا زیادہ ہے جہاں ہر الیکشن کا نتیجہ قبول ہوتا ہے، ہمارے یہاں کوئی نہ کوئی اٹھ کر کھڑا ہو جاتا ہے کہ نتیجہ میں گڑ بڑ ہو گئی ہے، دھاندلی کو ٹیکنالوجی کے بغیر نہیں روک سکتے، اپوزیشن تجاویز دےکیونکہ الیکشن کسی ایک پارٹی یا حکومت کا نہیں ہوتا بلکہ پوری قوم کا ہوتا ہے اس کو شفاف،منصفانہ اور آزادانہ بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں ۔دنیا میں اربوں، کھربوں کا کاروبار ہوتا ہے اسی ٹیکنالوجی سے سارا کام ہوتا ہے ہم اسی سے ابتدا کررہے ہیں اور ملک کے زر مبادلہ کیلئے اہم کردار ادا کرنے والے اوورسیز پاکستانیز کو بھی ووٹنگ کا حق دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب میاں شہباز شریف پاؤں کو ہاتھ لگانے اور کان پکڑنے کی بات کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کی انکوائری شفاف ہے، سابقہ حکومت کے ادوار میں کبھی مسئلہ کشمیر پر بات نہیں ہوئی تھی،

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ 24 ارب روپے شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں کیسے آئے اس کا یہ جواب نہیں دے سکے،انہیں تفتیشی اداروں کے سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے،سیف الرحمن22 سال احتساب ادارے کا انچارج رہا اوراب ملک سے فرار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق پارلیمانی پارٹی کے اہم ترین لیڈروں میں سے ایک ہیں، بعد ازاں ڈاکٹر بابر اعوان نے سابق ایم پی اے اور پی پی پی کے مقتول رہنما ملک شاہان حاکمین کی رہائشگاہ پر سوگوار خاندان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں