36

خیبر پختونخوا پولیس نے مشکل وقتوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، محمود خان

پشاور(نیوزمارٹ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے مشکل وقتوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں افغانستان کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں صوبے کے امن و امان سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا اور افغانستان کی بدلتی صورتحال کے متوقع اثرات سے نمٹنے کے لیے پولیس کی تیاریوں اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بدلتی صورتحال کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پولیس کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا، ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کو اپنے اپنے ریجن میں پولیس کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ صوبائی کابینہ نے کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور صوبے کے امن و امان کے حوالے سے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کی عوام پولیس کے ساتھ کھڑی ہیں، پولیس کی تمام تر ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی، پولیس کو مضبوط بنانے کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے آنے نہیں دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت اپنی اس اہم ذمہ داری سے کسی صورت غافل نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں