40

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا،سیریز کےمیچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے

اسلام آباد(نیوزمارٹ ڈیسک)پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 17 ستمبر کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، مہمان ٹیم ون ڈے سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے گی۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لئے اسلام آباد پہنچے گی۔مہمان ٹیم کے پاکستان پہنچنے پر ان کی حفاظت کے لئے فل پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کرکٹ سیریز 17 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 17 ستمبر کو، دوسرا ون ڈے 19 ستمبر اور تیسرا اور آخری ون ڈے 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا ۔دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائےگی۔پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ25 ستمبر کو ،دوسرا 26 ، تیسرا 29 ،چوتھا ٹی ٹونٹی یکم اکتوبر کو اورپانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ 3 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔پاکستانی شائقین کرکٹ مہمان ٹیم کے پاکستان آنے پر بہت خوش ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ 18 سال قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو آخری مرتبہ پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھا تھا، خوشی ہے کہ طویل عرصے بعد دونوں ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سٹیڈیم جائیں گے ۔گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے مداح میاں کبیر احمد نے کہا کہ اس تاریخی سیریز کے آغاز کا شدت سے منتظر ہوں۔ دل کی گہرائیوں سے قومی ٹیم کو سپورٹ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پانچوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ دیکھنے کے لئے قذافی سٹیڈیم لاہور جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں